Breaking News

خطبہ حج اردو سمیت 20 زبانوں میں براہ راست نشر ہوگا

حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جا رہا ہے رات منیٰ میں قیام کے بعد لاکھوں عازمین میدان عرفات پہنچ گئے جہاں خطبہ حج ہوگا جو 20 زبانوں میں براہ راست نشر ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جا رہا ہے رات منیٰ میں قیام کے بعد لاکھوں عازمین میدان عرفات پہنچ گئے۔ حجاج کرام کے استقبال کے لیے مسجد نمرہ کے دروازے کھل گئے ہیں، یہ دنیا کی واحد مسجد ہے جو سال میں ایک بار کھلتی ہے۔

مسجد نمبر ایک لاکھ 10 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے جس کے اندر ساڑھے تین لاکھ افراد کی گنجائش ہے۔ حجاج آج یہاں ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان اور دو تکبیرات کے ساتھ ادا کریں گے۔

میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ سعودی بزرگ علما کونسل کے شیخ یوسف بن سعید دیں گے جو براہ راست 20 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

عالمی وبا کورونا کے بعد چار برس بعد اس سال پوری گنجائش کے ساتھ حج ادا کیا جا رہا ہے اور دنیا بھر سے لگ بھگ 20 لاکھ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آئے ہیں جب کہ خادم حرمین شریفین کی دعوت پر دنیا کے 90 ممالک سے 1300 شخصیات کو شاہی مہمان کے طور پر حج کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہزار فلسطینی بھی حج کے لیے مدعو کیے گئے ہیں جن کا تعلق شہدا اور زخمیوں کے اہلخانہ سے ہے۔

سعودی وزارت حج نے عازمین کی سیکیورٹی اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

حج ایام کے دوران ٹریفک نظام کی نگرانی اور حجاج کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈرون اور سیکیورٹی کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/dUVN9Gm

No comments