سعودی ولی عہد کا بڑا اعلان
ریاض : سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مملکت میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں اس سلسلے میں انہوں نے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے سعودی اسپورٹس کلبوں کی نجکاری اور سرمایہ کاری کے منصوبے کا آغاز کیا ہے، ان کا یہ اقدام اسپورٹس کے شعبے میں سعودی وژن 2030کے اہداف کی تکمیل کے لیے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسپورٹس کلبوں کی نجکاری کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر کو کھیلوں کے شعبے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا، ہر سطح پر کھلاڑیوں، اسپورٹس کلبوں اور قومی ٹیموں کو مطلوبہ اور منفرد کردار کا اہل بنانا ہے۔
منصبوبے کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو ترغیبات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ موثر سپورٹس سیکٹر کے قیام میں اپنا کردار مناسب طریقے سے ادا کرسکیں۔
منصونے کے پہلے مرحلے کے تحت سپورٹس کلبز میں بڑی کمپنیوں اور ترقیاتی اداروں کو سرمایہ کاری کی منظوری دی جائے گی۔ سپورٹس کلبز کے مالکانہ حقوق کمپنیوں اور ترقیاتی اداروں کو منتقل کیے جائیں گے۔
دوسرے مرحلےمیں 2023 کی آخری سہ ماہی سے متعدد سپورٹس کلبز کی نجکاری کا آغاز کیا جائے گا۔
اسپورٹس کلبز کی نجکاری کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ 2030 تک سعودی عرب میں مختلف کھیلوں کو معیاری انداز میں فروغ مل سکے۔ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کو تیار کیا جائے۔ فٹبال کو جدید خطوط پر استوارکیا جائے اور سعودی قومی ٹیم کا شمار دنیا کی دس بہترین ٹیموں میں سے ہو۔
اس کے علاوہ سعودی پروفیشنل لیگ کی آمدنی 450 ملین ریال سے بڑھ کر سالانہ 1.8 ارب ریال سے تجاوز کر جائے اور اس کی مارکیٹ ویلیو 3 ارب سے بڑھ کر 8 ارب ریال سے زیادہ ہوجائے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/7isZbVd
No comments