عافیہ صدیقی سے متعلق سوال پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا جواب دینے سے گریز
واشنگٹن: امریکا میں طویل عرصے سے قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق ایک سوال پر پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے جواب دینے سے گریز کیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں پاکستان سے متعلق گفتگو کی، انھوں نے کہا اہم امور پر گفتگو کے لیے پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں رہتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے امور جو امریکا، خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں، ان پر امریکی حکام پاکستانی حکام کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہتے ہیں۔
ویدانت پٹیل نے کہا ہم خوش حال اور مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جو پاک امریکا تعلقات کے لیے اہم ہے، تاہم ہر سفارتی رابطے پر بیان نہیں دیا جاتا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے جب عافیہ صدیقی سے متعلق سوال کیا گیا تو اس پر انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ کی رہائی کے لیے پاکستانی کمیونٹی اور حکومت پاکستان کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن کانگریس کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/PvB2ZSU
No comments