Breaking News

بارش کے سبب جنگل میں محصور سیاحوں کو بچا لیا گیا، ویڈیو

بھارتی ریاست تلنگانہ کے جنگل میں بارش کے سبب محصور ہوجانے والے 130 سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، دریا کی سطح میں اضافے کے سبب یہ افراد وہاں پھنس گئے تھے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع ملگ میں سیاحوں کا گروپ جنگل میں واقع آبشار کے نظارے سے لطف اندوز ہونے گیا تھا، اس دوران بارش ہوگئی جس کے سبب دریا کی سطح بلند ہونے لگی اور ان افراد کے لیے وہاں سے نکلنا مشکل ہوگیا۔

یہ افرد برسات کے دوران آبشار کا نظارہ دیکھنا چاہتے تھے جو ان کے لیے پریشان کن صورتحال کا سبب بن گیا جب کہ اندھیرا چھا جانے سے وہ جنگل میں ہی پھنس کر رہ گئے۔

سیاحوں کی جانب سے پولیس کنٹرول روم کو فون پر اطلاع دی گئی، آدھی رات کے قریب پولیس، این ڈی آر ایف اور ڈی ڈی آر ایف کی ٹیمیں ان افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے کے مشن پر نکلیں۔

متاثرین کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا، پھنس جانے والے سیاحوں کا تعلق اضلاع ورنگل اور کریمنگر سے بتایا جاتا ہے۔

رات تقریباً دو سے ڈھائی بجے کے درمیان سیاحوں کو جنگل سے بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ ریسکیو ٹیمیں اپنے ساتھ غذا اور پانی کی بوتلیں بھی لے کر گئی تھیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/YLBtOzF

No comments