Breaking News

دوست کو انڈٖے مارنے کا مذاق قتل کا سبب بن گیا

تیبلسی : یورپی ملک جارجیا میں تین ملزمان نے ایک لڑکے کے گھر پر مذاق میں انڈے مارنے کے بعد تلخ کلامی پر اسے بے دردی سے قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جارجیا کی اسپالڈنگ کاؤنٹی میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک لڑکا اور دو لڑکیاں شامل ہیں، تینوں ملزمان پر ایک لڑکے کے قتل کا الزام ہے۔

تین گرفتار شدگان نوعمر ملزمان میں 18 سالہ سڈنی میگن اور جیریمی منسن کے ساتھ 19 سالہ میک کینزی ڈیون پورٹ شامل ہے، تینوں ملزمان کو بدنیتی سے قتل اور اسلحہ رکھنے سمیت دیگر الزامات کا بھی سامنا ہے۔

جارجیا

کاؤنٹی پولیس کے تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ گزشتہ روز اسپالڈنگ کاؤنٹی سے ملنے والی اطلاع کے بعد عملہ جب جائے وقوعہ پر پہنچا تو انہیں ایک شخص کی لاش ملی جسے سڑک کے بیچ میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا، مقتول کی شناخت جوناتھن گلبرٹ کے نام سے ہوئی۔

اسپلڈنگ کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ محبت کرنے والوں کا آپس کا جھگڑا تھا اور اسی حوالے سے تینوں ملزمان نے مل کر گلبرٹ کی رہائش گاہ پر جانے کا فیصلہ کیا اور اس کے گھر کے باہر انڈے پھینکے۔

جب گلبرٹ نے دیکھا کہ وہ تینوں اس کے گھر کے باہر ایسا کیوں کررہے ہیں تو وہ بھی غصے میں ان سے مقابلہ کرنے کے لیے گھر سے باہر آگیا۔

پولیس کے مطابق جب گلبرٹ ان کے پاس پہنچا تو تلخ کلامی کے بعد کار میں سوار ملزمان میں سے ایک لڑکے نے مبینہ طور پر اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور تینوں ملزمان موقع واردات سے فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا خیال ہے کہ یہ جھگڑا محبت میں ناراضی کے بعد شروع ہوا تھا، جس میں مقتول سے بدلہ لیا گیا، تینوں ملزمان کو قتل کا مشترکہ جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

پولیس کی جاری کردہ پریس ریلیز میں وضاحت کی گئی ہے کہ چونکہ ان سب نے مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اور جرم کرنے کے ارادے سے ہی اس مقام کا سفر کیا تھا لہٰذا ایک ملزم کی جانب سے فائرنگ کرنے کے باوجود وہ تینوں قتل میں برابر کے مجرم ہیں، اسپلڈنگ کاؤنٹی پولیس اس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/LCgYKwk

No comments