Breaking News

کشتی کے ذریعے برطانیہ جانے والے پناہ گزینوں کو روانڈا جیل بھیجنے کا فیصلہ

لندن : برطانیہ میں غیر قانونی طور داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کیخلاف برطانوی وزیراعظم رشی سنک نے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت انہیں گرفتار کرکے روانڈا کی جیل روانہ کردیا جائے گا۔

رشی سنک اپنے اُس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے تحت برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے افریقی ملک روانڈا پہنچایا دیا جائے گا اور ان کی درخواستوں پر غور کے دوران انہیں وہیں رکھا جائے گا۔

اس منصوبے کا مقصد برطانیہ کو درپیش غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے مسئلے سے نمٹنا ہے تاہم برطانوی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان کو اس مسئلے پر بہت زیادہ تحفظات ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم رشی سنک اس متنازعہ منصوبہ کو قانون کا حصہ بنانے کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں تاہم انہیں حزب اختلاف کی جانب سے مخالفت کا سامنا ہے۔

غیر قانونی مائیگریشن بل پارلیمنٹ کے ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز اور برطانیہ کے غیرمنتخب ایوان بالا کے درمیان کافی عرصے سے زیر بحث تھا، جس میں اسے ختم کرنے کے لیے قانون سازی میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

رواں ہفتے ان مجوزہ تبدیلیوں میں سے آخری تجویز کو مسترد کر دیا گیا، اب یہ قانون شاہی منظوری کے لیے کنگ چارلس کے پاس جا سکتا ہے، جہاں اسے باضابطہ طور پر منظوری کے بعد قانون کا درجہ مل جائے گا۔

واضح رہے کہ سیاسی پناہ کے خواہشمندوں کو ملک بدر کرنے کے منصوبے کو حزب اختلاف کے بعض سیاست دانوں، وکلاء، شہری حقوق کے گروپوں اور اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی حقوق نے بھی غیر انسانی، ظالمانہ اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

برطانیہ اپنے ملک میں پناہ گزینوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا چاہتا ہے۔ ان کوششوں میں خاص طور پر اس وقت اضافہ ہوا جب گزشتہ سال انگلش چینل کے ذریعے 45ہزار سے زیادہ لوگ برطانیہ پہنچے، اس کوشش میں کئی لوگ ہلاک بھی ہوگئے تھے۔

ان ہی حالات کے پیش نظر برطانیہ اور روانڈا کی حکومتوں کے درمیان 2022 میں یہ معاہدہ طے پایا کہ چھوٹی کشتیوں میں برطانیہ آنے والے کچھ تارکین وطن کو روانڈا بھیجا جائے گا اور وہیں ان کی درخواستوں پر کارروائی ہو گی اور جن لوگوں کو سیاسی پناہ دی جائے گی وہ برطانیہ واپس جانے کے بجائے روانڈا ہی میں رہیں گے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/6QZNsno

No comments