مردہ افراد کے اعضا کی پیوند کاری سے 6 مریضوں کی جان بچا لی گئی
سعودی عرب میں دماغی طور پر انتقال کر جانے والے تین افراد کے اعضا کی پیوند کاری سے موت کے دہانے پر کھڑے 6 مریضوں کی جان بچا لی گئی۔
دنیا نے مختلف شعبہ جات کے ساتھ صحت کے شعبے میں تیز رفتار ترقی کی ہے اور جو بیماریاں چند دہائی قبل لا علاج قرار دی جاتی تھیں اب نہ صرف ان کا علاج دستیاب ہے بلکہ اس سے مستفید ہوکر لوگ صحت مند زندگی بھی گزارتے ہیں۔ اعضا کی پیوند کاری بھی طبی سائنس کی اہم ترقی ہے جس سے دنیا بھر میں موت کے دہانے پر پہنچ جانے والے افراد کے اعضا کی پیوند کاری کرکے انہیں دوبارہ زندگی کی طرف لایا جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں حال ہی میں اعضا کی پیوند کاری کر کے 6 مریضوں کی جان بچائی گئی ہے۔ ان مریضوں کو دماغی طور پر وفات پا جانے والے 3 افراد کے اعضا لگائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ عبد العزیز طبی مرکز میں تین مریض دماغی طور پر وفات پا گئے تھے جن کے لواحقین سے رابطہ کرکے ان کے اعضا عطیہ کرنے کی منظوری لی گئی۔
متوفی افراد کے لواحقین کی اجازت کے بعد اعضا کی پیوند کاری کے مرکز کی نگرانی میں کامیاب آپریشن ہوئے ہیں جن میں ایک 43 سالہ مریض کو دل کی پیوند کاری کی گئی، تین مریضوں کو جگر جب کہ دو مریضوں کو گردوں کی پیوندکاری کرکے انہیں دوبارہ صحت مند زندگی کی طرف لایا گیا۔
جن مریضوں کی پیوند کاری کی گئی ان میں سے تین مرد اور تین ہی خواتین مریض تھیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/7NRjPtb
No comments