Breaking News

مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی

رباط: مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں ایک ہزار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش میں زلزلے کے دوسرے روز بھی آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام بھی شد و مد سے جاری ہے، جب کہ حکومت نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

مراکش میں زلزلے سے اموات کے سوگ میں فرانس کے ایفل ٹاور کی روشنیاں بند کر دی گئیں، مراکش میں جمعہ اور ہفتہ کی رات 6.8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلو میٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا، جب کہ اس کی گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق طاقت ور زلزلے سے زیادہ تباہی پہاڑی دیہاتوں اور قدیم شہروں میں ہوئی، جہاں عمارتیں اتنی طاقت کے زلزلے کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ دور دراز کے پہاڑی دیہاتوں تک ریسکیو اہلکاروں کی رسائی میں بہت مشکل پیش آ رہی ہے۔

مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق 6.8 کی شدت کا یہ زلزلہ 120 سالوں میں مراکش میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہے، جس سے سب سے زیادہ نقصان شہروں اور قصبوں سے باہر ہوا ہے، اور کم از کم 2,012 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاکتیں زیادہ تر مراکش شہر اور مرکز کے قریب پانچ صوبوں میں ہوئیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/gEsOJ8j

No comments