Breaking News

بھارت روپے کی گرتی ساکھ بچانے کیلئے ڈالر فروخت کررہا ہے ؟

بھارت اپنی کرنسی کی قدر کو مزید گرنے سے بچانے کیلیے مارکیٹ میں ڈالر فروخت کرنے کے لیے پر تول رہا ہے۔

بھارتی تاجروں کے گروپ نے غیرملکی خبر رساں ادار ے رائٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مرکزی بینک ممکنہ طور پر پبلک سیکٹر کے بینکوں کے ذریعے ڈالر فروخت کرسکتا ہے کیونکہ بھارتی روپیہ اس وقت ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی کرنسی کچھ دنوں پہلے 83.2025 پر تھی جو کچھ کم ہوکر 83.09پر آئی تاہم اب پھر سے بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 83.29 کی کم ترین سطح پر موجود ہے۔

نجی شعبے کے بینک کے ایک تاجر نے کہا کہ یہ صورتحال ریزرو بینک آف انڈیا کے لیے باعث تشویش ہے، پبلک سیکٹر کے دو بڑے بینک بڑی مالیت میں ڈالر بیچنے کی تیاری کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ریزرو بینک آف انڈیا کے اقدامات کے باوجود روپیہ مزید نیچے جائے گا تو حیرت کی بات نہیں ہوگی کیونکہ ڈالر کی فروخت کا فائدہ مارکیٹ کو نہیں ہورہا اور اسے خرید کر ذخیرہ کیا جارہا ہے۔

تاجروں نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے باقاعدہ مداخلت کی تاکہ روپیہ 83.29کے ریکارڈ کم سطح سے مزید نیچے نہ گرے۔

بھارتی معاشی تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور ڈالر انڈیکس میں تیزی مقامی کرنسی میں نمایاں کمی کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتی ہے۔

برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں اس ماہ 8.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہندوستان کے تیل کے تجارتی خسارے کو بڑھا سکتی ہیں اور مجموعی خسارے کو متاثر کرسکتی ہیں۔ اگست میں ہندوستان کا تجارتی خسارہ 10 ماہ کی بلند ترین سطح 24.2بلین ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/vjDk1Cg

No comments