امریکا نے سکھ رہنما کے قتل کے بارے میں کینیڈا کو خفیہ معلومات فراہم کیں
امریکا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بارے میں کینیڈا کو خفیہ معلومات فراہم کیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گزشتہ دنوں کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ہردیپ سنگھ کے قتل کے بارے میں کینیڈا کو خفیہ معلومات فراہم کی ہیں۔
رپوٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے کینیڈا کو تحقیقات میں تعاون فراہم کیا۔ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسی بھی ہمہ وقت ملوث رہی اور اس کی جانب سے فراہم کی جانے والی اہم معلومات کی بنیاد پر ہی کینیڈا نے سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کو ثابت کیا۔
امریکی انٹیلی جنس ایجنسی روزمرہ بنیاد پر اپنے دوست ممالک کو خفیہ معلومات فراہم کرتی ہے۔ امریکا اور کینیڈا کے مابین مثبت تعلقات کی تاریخ بھی گواہ ہے اور ماضی میں بھی امریکا کینیڈا کو چین کے خلاف خفیہ معلومات فراہم کرتا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر قتل کے بارے میں متعلقہ معلومات امریکا نے خصوصاً مختلف انٹیلی جنس اسٹریمز کے پیکیج کے حصے کے طور پر شیئر کیں۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے بھارت اور کینیڈا تنازعہ میں باضابطہ طور پر کینیڈا کے ساتھ تعاون اور حمایت کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے اور امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے بھی بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/hXgF05W
No comments