Breaking News

افغان وزیر داخلہ نے لڑکیوں کی تعلیم معاشرے کی ضرورت قرار دے دی

کابل: افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے لڑکیوں کی تعلیم معاشرے کی ضرورت قرار دے دی، انھوں نے کہا کہ حالات کے ساتھ یہ مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے وزیر داخلہ سے اسلامی تعاون تنظیم کے وفد نے ملاقات کی ہے، اسلامی تعاون تنظیم کے اراکین نے ملک میں مجموعی امن اور استحکام کو سراہتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ دو سالوں میں مجموعی سیکیورٹی صورت حال کو مضبوط بنانے کے علاوہ مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

مذکورہ تنظیم کے ارکان نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ نے بہترین مالیاتی پالیسی کے نفاذ، خوارج کی روک تھام اور مجرمانہ واقعات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کے استحکام کو یقینی بنایا ہے اور اس تنظیم سے کیے گئے بہت سے وعدے پورے کیے ہیں۔

مذکورہ وفد نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے امارت اسلامیہ کے بعض احکام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ احکام وراثت کے حوالے سے خواتین پر ظلم و زیادتی روکنے اور دشمنیوں میں خواتین کے رشتے مقتول خاندان کے افراد کے ساتھ کرنے کی رسم میں روکنے کامیاب ہوئے ہیں۔

وفد کے ارکان نے تعلیم کو مرد و خواتین کا مشترکہ حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم معاشرے کی ترقی کا باعث بنتی ہے۔

خلیفہ سراج الدین حقانی نے کہا کہ تعلیم مسلمانوں کی مشترکہ ضرورت ہے، اس سلسلے میں صبر اور حوصلے سے کام لیں کیوں کہ لڑکیوں کی تعلیم ہمارے معاشرے کی ضرورت ہے جسے حالات کے ساتھ ہی شروع کر دیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امارت اسلامیہ کی حکومت اس طرح نہیں ہے جس طرح دنیا کے سامنے اس کی تصویر پیش کی گئی ہے، ان کے بقول افغان حسن سلوک اور میل جول سے بھرپور لوگ ہیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/h4MH0Ri

No comments