Breaking News

سعودیہ اور کویت کیا کرنے جارہے ہیں؟ اہم انکشاف

سعودی عرب اور کویت نے تیل کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے لئے پہلے مرحلے کے طور پر خفجی آئل فیلڈ پر کام کا آغاز کردیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خفجی جوائنٹ آپریشنز کی جانب سے سعودیہ اور کویت کے درمیان مشترکہ فیلڈ کے ذریعے تیل کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے پہلے مرحلے کے کامیاب آغاز کا انکشاف کیا گیا ہے۔

خفجی آپریشنز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ یہ قدم زمین کی پیداواری سہولیات کی دیکھ بھال مکمل کرنے اور ان کی تیاری کو یقینی بنانے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے تیل کی پیداوار میں 10لاکھ بیرل یومیہ کٹوتی میں مزید تین ماہ کی توسیع کا اعلان کردیا ہے۔

اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ نے خبر جاری کی ہے کہ سعودی عرب خام تیل کی اپنی یومیہ پیداوار میں جاری رضاکارانہ کٹوتی میں مزید تین ماہ کے لیے دسمبر 2023 کے آخر تک توسیع کرے گا۔

سعودی عرب کے وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا ہے کہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں مملکت کی خام تیل کی پیداوار تقریباً 90 لاکھ بیرل یومیہ ہوگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ پیداوارمیں کٹوتی کا ماہانہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ کٹوتی کو گہرا کرنے یا پیداوار بڑھانے پر غور کیا جا سکے۔

سرکاری ذریعے نے واضح کیا کہ پیداوار میں یہ کٹوتی مملکت کی جانب سے اپریل میں اعلان کردہ رضاکارانہ کمی کے علاوہ ہے جو دسمبر 2024 کے آخر تک جاری رہے گی۔

انھوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اس اضافی رضاکارانہ کٹوتی کا مقصد تیل کی منڈیوں میں استحکام اور توازن کی حمایت میں مدد کے لیے اوپیک پلس کے اختیارکردہ احتیاطی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اوپیک پلس دنیا میں قریباً 40 فی صد خام تیل کو پمپ کرتا ہے۔ یہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) اور روس کی سربراہی میں اتحادی ممالک پر مشتمل ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/JUbE3ep

No comments