Breaking News

ٹوئٹر(ایکس) استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

سابقہ ٹوئٹر اور موجودہ ’ایکس‘ نے اپنے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کروادیا ہے جس کے بعد اب وہ آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔

اپنے ہم عصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ کی پیروی کرتے ہوئے اب ’ایکس‘ کی جانب سے بھی ان فیچرز کو متعارف کرایا گیا ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے ’ایکس‘ پر یہ سہولت موجود نہیں تھی۔

دنیا کے دولت مند ترین اشخاص میں سے ایک ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کو خریدنے کے بعد اس میں کئی تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد اب آڈیو ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔

ویڈیو اور آڈیو کالنگ کا فیچر ایک پر متعارف کرانے کے حوالے سے ابتدائی خبر مئی 2023 میں آئی تھی۔

ایلون مسک نے سابقہ ٹوئٹر کو خریدتے وقت کہا تھا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو میسجنگ اور سوشل نیٹ ورکنگ سے لے کر ایک سپر ایپ میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس میں ایک دوسرے کو رقم کی منتقلی تک بہت ساری خصوصیات پیش کی جائیں گی۔

نئے متعارف کردہ فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے آپ کو ایپ کی سیٹنگز میں جانا ہوگا اور ’اِن ایبل آڈیو اور ویڈیو کالنگ‘ کو منتخب کرکے اسے آن کرنا ہوگا۔ پھر ڈی ایم پر جانا ہوگا اور فون آئیکون پر کلک کرنا ہوگا یہاں آڈیو یا ویڈیو کال کا انتخاب کرکے کال کی جاسکتی ہے۔

ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ پر اس فیچر کے حوالے سے اعلان نہیں کیا گیا، لیکن ایکس نے مبہم انداز میں لکھا، کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟

ابھی واضح نہیں یہ فیچر کتنے ممالک میں متعارف کرایا گیا ہے یا اسے پریمیم صارفین کے علاوہ ریگولر صارفین بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم یہ فیچر ابھی تک پاکستان میں متعارف نہیں کرایا گیا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/J8QWMG7

No comments