آسٹریلیا : انٹرنیٹ بند ہونے سے کاروبار زندگی مفلوج
سڈنی : آسٹریلیا کی دوسری بڑی ٹیلی کام کمپنی آپٹس کے نیٹ ورک میں خلل کے باعث ایک کروڑ سے زائد لوگ شدید متاثر اور کاروبار زندگی درہم برہم ہوگیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیٹ ورک کی فراہمی میں ناکامی کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ میں تاخیر، اسپتال کی فون لائنیں جام اور بینکوں سے رقوم کی ادائیگیوں کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔
آپٹس کمپنی کی چیف ایگزیکٹیو کیلی بائر روزمارین نے کہا ہے کہ تقریباً 12 گھنٹے کی تاخیر کے بعد سروس بحال کردی گئی تاہم اس تیکنکی خرابی کے پیچھے کسی سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، اصل وجوہات جاننے کیلئے مزید وقت درکار ہوگا۔
واضح رہے کہ نیٹ ورک کے مفلوج ہوجانے کے بعد پورے آسٹریلیا میں لوگ ہنگامی خدمات اور اہم ہیلپ لائن نمبروں پر کال کرنے سے بھی قاصر رہے جبکہ ریاست وکٹوریہ میں ٹرین سروس بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی۔
مذکورہ خرابی نے آپٹس کا نیٹ ورک استعمال کرنے والی دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کی کارکردگی بھی متاثر کی۔
کمپنی سی ای او نے نیٹ ورک کی ناکامی پر معذرت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جب تک ہم نیٹ ورک کی ناکامی کے پیچھے کار فرما وجوہات کا مکمل تجزیہ نہیں کر لیتے اس حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/9pCRgvy
No comments