Breaking News

گوگل نے سینکڑوں ملازمین کو برطرف کردیا

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے انجینئرنگ اور ہارڈ ویئر کے مرکزی شعبے سے وابستہ سینکڑوں ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان گوگل نے مذکورہ چھانٹیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوگل کا اس اقدام کا مقصد اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گوگل کا یہ اقدام لاگت میں کمی کی تازہ ترین کوشش ہے تاکہ کورونا کی عالمی وبا کے دوران کمپنی پر پڑنے والے اثرات پر قابو پایا جاسکے۔

ان برطرفیوں سے گوگل کی ہارڈویئر اور سینٹرل انجینئرنگ ٹیموں کے ملازمین کے علاوہ گوگل اسسٹنٹ، آواز سے چلنے والے سافٹ ویئر پروڈکٹس اور دیگر حصوں سے وابستہ ملازمین بھی متاثر ہوں گے۔

گزشتہ سال جنوری میں گوگل نے اپنی افرادی قوت میں 12,000 افراد میں کمی کی تھی جو اس کے کل وقتی ملازمین کا تقریباً 6 فیصد بنتا ہے جبکہ کمپنی نے سال کے آخر میں بھی اپنی بھرتی اور نئے سیکشنز میں بھی کٹوتیاں کیں۔

گوگل نے مصنوعی ذہانت، چیٹ بوٹ بارڈ اور بڑے لینگویج ماڈل جیمنی جیسی پروڈکٹس لانچ کرنے جیسے شعبوں میں ترقی کو ترجیح دینے پر بھی اپنی توجہ مرکوز کر دی ہے کیونکہ یہ مائیکرو سافٹ اور امیزون جیسے حریفوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں گوگل نے اپنے 12 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کے حوالے سے میڈیا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھاکہ ملازمین کی چھانٹی کا عمل مرحلہ وار کیا جائے گا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2YOerSD

No comments