Breaking News

بھارت میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان

دہلی: بھارت میں عام انتخابات کیلئے تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، 19 اپریل سے یکم جون کے درمیان پولنگ ہوگی جس میں 55 لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے گا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے الیکشن کمیشن نے 16 مارچ کو نئی دہلی میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران 6 ہفتوں کے میراتھن ووٹوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے لوک سبھا کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا یہ انتخابات 7 مرحلوں میں کرائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 19 اپریل، دوسرے میں 26 اپریل، تیسرے 7 مئی، چوتھے 13 مئی، پانچویں 20، چھٹے مرحلے میں 25 مئی جبکہ ساتویں مرحلے میں یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 4 جون کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں اٹھانوے کروڑ ووٹرز ہیں جن میں 47 کروڑ خواتین ووٹر ہیں، الیکشن کرانے کیلئے ڈیڑھ کروڑ اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مقابلہ 12 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد انڈیا سے ہوگا، پری پول سروے کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کے تیسری مدت کیلئے وزیراعظم بننے کے قوی امکانات ہیں۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/mZMqv0N

No comments