مزدوری کیوں مانگی؟ مالکن نے ملازمہ پر تشدد کے بعد گرم چاقو سے ہاتھ جلادیا
مزدوری مانگنے پر مالکن اپنی ملازمہ پر بھپر گئی اور اسے بیلٹ سے تششد کا نشانہ بنانے کے بعد گرم چاقو سے اس کا ہاتھ جلاڈالا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مالکن نے غصے میں آکر نوکرانی کی بُری طرح بیلٹ سے پٹائی کردی۔ یہی نہیں خاتون نے گرم چاقو سے اپنی ملازمہ کا ہاتھ بھی جلایا۔ خاتون نے یہ مکروہ اقدام صرف اس لیے کیا کہ ملازمہ نے اپنی مزدوری کا مطالبہ کیا تھا۔
تشدد کا شکار ہونے والی ملازمہ نے مارچ کے مہینے میں اس گھر میں کام شروع کیا تھا جبکہ وہ کالونی کے دوسرے گھروں میں بھی کام کرتی ہے۔ خاتون نے ملازمہ کو کچھ دنوں بعد ہی بات بات پر مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔
دو ماہ بعد ملازمہ نے 24 اپریل کو اپنی مزدوری کے پیسے مانگے اور کہا کہ وہ یہاں کام نہیں کرے گی۔ اس پر خاتون ناراض ہوگئی اور ملازمہ پر اس قدر تشدد کیا کہ اسے بے حال کردیا۔
خاتون نے ملازمہ کو بیلٹ سے بری طرح مارنے کے بعد چاقو گرم کرکے اس کا ہاتھ بھی جلا دیا اور اسے چاقو سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کو جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، انھوں نے دہلی پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے زخمی خاتون کا طبی معائنہ کرانے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تشدد کا شکار ہونے والی خاتون کے اہلخانہ نے الزام لگایا کہ پولیس نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ انھوں جلد از جلد قانونی کارروائی کرنے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/6tkMF2J
No comments