Breaking News

غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

سان فرانسسکو : غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں امریکی سان فرانسسکو میں سڑکوں پر نکل آئے اور  جنگ بندی کا پر زور مطالبہ کیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ برج پر غزہ میں جنگ بندی کیلئے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے گولڈن گیٹ برج پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی، احتجاجی دھرنے کے باعث اہم شاہراہ پر ہزاروں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مشتعل مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ امریکا غزہ میں جنگ رکوائے اور فوری طور پر اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کی جائے۔

یاد رہے کہ امریکی عوام کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے اس ضمن میں مختلف امریکی ریاستوں میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گزشتہ ہفتے کینیڈا کے عوام نے فلسطینی قوم کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا جبکہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد فلسطینی عوام کی حمایت میں احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئی۔

 واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے تاہم اب تک اس کی شدت میں کمی نہ ہوسکی اور جنگ بندی سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرت کیمپ میں مزید 5 فلسطینیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے 24 گھنٹے میں 43 فلسطینیوں کو شہید کیا، صیہونی طیاروں نے خان یونس میں یورپین پسپتال کے اطراف بھی بم برسائے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/rZEHTwe

No comments