Breaking News

پاسداران انقلاب کا ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق اہم بیان

پاسداران انقلاب کی جانب سے یہ بیان سامنے آرہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے مقام کا تعین کرلیا گیا ہے، کمانڈر پاسداران انقلاب ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے علاقے میں پہنچ گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر حادثے کا ملبہ ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ایرانی کمانڈرز،وزرا،نائب صدراورمقامی حکام کے درمیان اہم اجلاس جاری ہے۔

ترک میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ترک ڈرون نے تپش موجود ہونے کا مقام ڈھونڈ لیا ہے، جس مقام پر تپش ہے وہاں ہیلی کاپٹر کا ممکنہ ملبہ موجود ہے۔

ترک حکام کی جانب سے تپش کے مقام سے ایرانی حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق ریسکیو عملہ حادثے کے ممکنہ مقام تاویل کی جانب گامزن ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش اور واقعے کی وجوہات کی تفتیش کیلئے ہر قسم کی مدد کی پیش کش کی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارو نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں ایران کی مدد کے لیے تیار ہیں، لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش اور وجوہات کی تحقیقات میں ضروری مدد فراہم کریں گے اور ہم امید کرتے ہیں کہ صدر رئیسی اور ان کے ہمراہ افراد سلامتی کے ساتھ واپس آئیں گے۔

یورپی کمیشن نے بھی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کر دی ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق یورپی کمیشن نے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹیویٹ کرنے کا یہ قدم ایران کی درخواست پر اٹھایا ہے۔

مختلف ممالک لاپتہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں ایران کی مدد کیلیے تیار

اس کے علاوہ سعودی عرب، قطر، ترکیہ، عراق اور متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کو حادثے کا شکار ہونے والے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/AOqPxog

No comments