ایرانی سپریم لیڈر نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دے دیا، نیو یارک ٹائمز
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیل پر براہ راست جوابی کارروائی کا حکم دے دیا۔
امریکی خبر رساں ادارے نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے یہ حکم ایرانی سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد بدھ کی صبح ایران کی سپریم سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں اراکین نے اہم فیصلے کیے۔
اجلاس میں بریفنگ دینے والے تین ایرانی عہدیداروں کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایران کو حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی تہران میں ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر براہ راست حملہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اور حماس نے اسرائیل پر حماس رہنما کے قتل کا الزام عائد کیا ہے، اسرائیل، جو غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ برسرپیکار ہے، نے باضابطہ طور پر اسماعیل ہنیہ کے قتل کا نہ تو اعتراف کیا ہے اور نہ ہی انکار کیا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/tnpB8k1
No comments