اسرائیلی آرمی چیف کا فوج کو غزہ میں تمام سرنگوں کو فوری تباہ کرنے کا حکم
غزہ(8 نومبر 2025): صیہونی فورسز غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تلی ہے، اسرائیلی آرمی چیف نے فوج کو غزہ میں تمام سرنگوں کو فوری طور پر تباہ کرنے کا حکم دیدیا۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر نے فوج کو حکم دیا کہ جتنا جلدی ہوسکے غزہ میں موجود تمام سرنگوں پر حملے کرکے اسے تباہ کردیا جائے۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر نے دعویٰ کیا کہ سرنگوں میں ان کے خلاف خفیہ سرگرمیاں چل رہی ہیں، قابض فوج نے شجاعیہ میں ڈرون حملہ کرکے بچے کو شدید زخمی کردیا۔
اس کے علاوہ مغربی کنارے میں بھی قابض فوج کی کارروائیاں نہ تھم سکی، فوج نے رہائشی علاقوں میں آپریشن کے دوران گولیاں مار کر دو فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی ہمدردی نے بتایا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں میں ایک بار پھر تشویشناک حد تک اضافہ ہونے لگا۔
دوسری جانب ترکیے نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی حکومت کے سینئر عہدیداروں کے خلاف نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
گزشتہ روز استنبول کے پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مجموعی طور پر 37 اسرائیلی عہدیداروں کے نام فہرست میں شامل ہیں جن میں وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز، قومی سلامتی کے وزیر اتمر بن گویر اور فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر بھی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ حکام نے غزہ میں منظم انداز میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/ixjYhDG
No comments