Breaking News

قازقستان کا ابراہیمی معاہدے میں شمولیت کا اعلان

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ قازقستان کا ابراہیمی معاہدے میں شمولیت کا اعلان کردیا ، مزیدممالک بھی شامل ہونا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قازقستان نے ابراہیمی معاہدے میں شمولیت کا اعلان کردیا ، قازق صدر نے ابراہیمی معاہدے میں شمولیت کا اعلان صدرٹرمپ سے ملاقات میں کیا۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سئے گفتگو کرتے ہوئے کہا قازقستان ابراہم اکارڈ میں شامل ہونے والا پہلا وسط ایشیائی ملک بن گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ پیشرفت ان کے دوسرے دورِ صدارت میں امن کے فروغ اور بین الاقوامی تعلقات کی بحالی کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے مطابق مزید ممالک بھی ابراہم اکارڈ میں شمولیت کے خواہشمند ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکایف اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس کے بعد قازقستان نے ابراہم اکارڈ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دنیا میں تعلقات استوار کرنے اور امن کے فروغ کے لیے ایک نمایاں قدم ہے، وسط ایشیا کے دیگر ممالک بھی جلد اس معاہدے کا حصہ بنیں گے۔

اس موقع پر صدرِ قازقستان نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں صرف 8 ماہ میں 8 جنگیں رکوائی گئیں، جو عالمی امن کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے پہلی بار تمام پانچ وسط ایشیائی ممالک قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے صدور کی مشترکہ میزبانی کی۔

ملاقات میں اقتصادی تعاون، سیکیورٹی امور اور خطے میں چین و روس کے بڑھتے اثر و رسوخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد خطے کے ساتھ سفارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

دورے کے دوران امریکا اور قازقستان کے درمیان نایاب منرلز پر تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے، واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے اس معاہدے کا مقصد منرلز کی خرید و فراہمی اور سپلائی چین کو مستحکم بنانا ہے۔

قازق صدر کے پریس آفس نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون تکنیکی مہارت، رسد اور سیکیورٹی معیارات کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/U8cTfRe

No comments