Breaking News

امریکا، اسرائیل اور یورپ ہم پر جنگ مسلط کرنا چاہتے ہیں: ایرانی صدر

تہران (27 دسمبر 2025): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور یورپ ہم پر جنگ مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال عراق ایران جنگ سے بھی زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہے، فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے جوہری پروگرام سے متعلق پابندیاں دوبارہ لگوائی ہیں۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی پابندیاں کشیدگی میں اضافہ کر رہی ہیں، امریکا کی اقتصادی پابندیوں کا مقصد ایران کی معیشت کو کمزور کرنا ہے لیکن تہران اس اتحاد کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی توہین آمیز شرائط کسی صورت قبول نہیں، ایرانی صدر

یاد رہے کہ 22 دسمبر 2025 کو اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت اپنے دشمنوں کے خلاف کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے اور ضرورت پڑنے پر حملے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

ان کا اشارہ ایران کی طرف تھا۔

اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ضرورت ہوگی ہم حملہ کریں گے اور اسرائیل دشمن کے خلاف کارروائی سے کبھی نہیں ہچکچائے گا، اسرائیل اپنے دفاع اور سلامتی کیلیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

ایال زمیر نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے خلاف سرگرم عناصر کو مالی اور عسکری مدد فراہم کرتا رہا ہے اور اسرائیل کو نقصان پہنچانے کے منصوبوں کے پیچھے بھی ایران کا ہاتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی حماس کے ساتھ جنگ شروع ہوئی لیکن بعد میں یمن اور ایران سمیت دیگر بھی اس میں شامل ہوگئے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/0yCr24e

No comments