برطانیہ : خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی حجاب متعارف
لندن : برطانیہ میں پولیس یونیفارم میں مسلمان خواتین کے لیے خصوصی حجاب متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مسلم خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے مقناطیسی "کویِک ریلیز سسٹم” والا خصوصی حجاب متعارف کرایا گیا ہے۔
مقناطیسی نوعیت کاحجاب خواتین کو ڈیوٹی کے دوران ممکنہ جھگڑے یا کھینچا تانی کی صورت میں گلا گھٹنے کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ اس دوران پردے کا لحاظ بھی برقرار رہتا ہے۔

یہ مقناطیسی اٹیچمنٹ والا حجاب ڈی مونٹ فورٹ یونیورسٹی اور لیسٹرشائر پولیس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ نیا ڈیزائن اس طرح بنایا گیا ہے کہ حجاب کا نچلا حصہ زور سے کھینچے جانے پر فوراً الگ ہو جائے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان خاتون پولیس آفیسر پی سی سحر ناز نے بتایا کہ یہ حجاب پہن کر وہ ایک مسلمان خاتون کے طور پر خود کو ’’فخریہ اور بااختیار‘‘ محسوس کرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی مختلف پولیس فورسز کے علاوہ این ایچ ایس ٹرسٹس، پیرا میڈکس اور نجی اداروں نے بھی اس نئے حجاب میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ پولیس فورسز میں حجاب کوئی نئی بات نہیں، اس سے قبل سال 2020 میں نارتھ یارک شائر پولیس نے دو حصوں پر مشتمل حفاظتی حجاب متعارف کرایا تھا جبکہ نیوزی لینڈ پولیس کا آپریشنل حجاب بھی 2021 میں لیسٹر شائر میں آزمایا گیا تھا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/yUAVNdT
No comments