انکیتا بھنڈاری کا پراسرار قتل : قاتل 3 سال بعد کیسے انجام کو پہنچے؟ دل دہلا دینے والا واقعہ
دہرادون : بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں واقع ایک ریزورٹ میں ملازمت کرنے والی 19 سالہ انکیتا بھنڈاری کے قتل کا مقدمہ آخرکار اپنے انجام کو پہنچ گیا۔
29مئی 2025 کو عدالت نے کیس کے تینوں مرکزی ملزمان کو قصور وار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی۔ یہ فیصلہ تقریباً تین برس تک جاری رہنے والی ایک ایسی جدوجہد کا نتیجہ ہے جس نے پورے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 19سالہ خوش شکل رسپشنسٹ انکیتا بھنڈاری کو 3 سال قبل ستمبر 2022 میں اس لیے قتل کر دیا گیا تھا کہ اس نے ایک وی آئی پی شخصیت کو ’اضافی خدمات‘ دینے سے انکار کر دیا تھا۔
انکیتا بھنڈاری اکثر اپنے دوست پُشپ سے ریزورٹ کے حالات سے متعلق گفتگو کیا کرتی تھی، انکیتا نے ایک موقع پر روتے ہوئے پُشپ کو بتایا کہ ایک “وی آئی پی مہمان” نے اس سے نامناسب مطالبہ کیا، جس پر اس نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
18ستمبر 2022 کی رات اچانک انکیتا کا فون بند ہوگیا، جب اس کے دوست نے بار بار کال کی اور کوئی جواب نہ ملا تو اس نے ریزورٹ کے مالک پلکت آریہ سے رابطہ کیا۔ جواب ملا کہ انکیتا اپنے کمرے میں چلی گئی ہے مگر اگلی صبح وہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔
بعد ازاں انکیتا کے والد نے اپنی گمشدہ بیٹی کی بازیابی کے لیے مختلف تھانوں کے چکر لگائے، تاہم پولیس نے ابتدا میں معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور بروقت ایف آئی آر درج نہ ہوسکی۔ بالآخر عوامی دباؤ کے بعد 20 ستمبر کو مقدمہ درج کرکے کیس کو باقاعدہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

تحقیقات کے دوران ریزورٹ کے مالک پلکت آریہ، منیجر سوربھ بھاسکر اور ایک ملازم انکت گپتا کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق انکیتا نے ملزمان سے ایک “وی آئی پی مہمان” کے خاص مطالبے پر اعتراض کیا تھا، جس کے بعد 18 ستمبر کی رات اسے بہانے سے لے جاکر قریبی نہر میں پھینک دیا گیا۔
بعد ازاں 24 ستمبر کو نہر سے انکیتا کی لاش برآمد ہونے کے بعد ضلع بھر میں شدید احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا، مظاہرین نے ریزورٹ میں توڑ پھوڑ کرکے اس کے کچھ حصے مسمار کر دیے۔
صورتحال کی سنجیدگی کے پیش نظر وزیراعلیٰ پشکر سنگھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دیا، تاہم مقتولہ کے اہلِ خانہ نے ابتدا ہی سے تفتیش سے مطمئن نہیں تھے۔
بالآخر طویل عدالتی سماعتوں کے بعد 29 مئی 2025 کو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے تینوں مرکزی ملزمان پلکت آریہ، سوربھ بھاسکر اور انکت گپتا کو قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/DptHLZw
No comments