60 سال بعد مکمل ہونے والی سچی محبت کی حیرت انگیز داستان ، کب کیا ہوا؟؟ جانیے
اسکول میں ساتھ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان لڑکا اور لڑکی بالآخر بڑھاپے میں آملے، دونوں کی محبت تقریباً 60 سال پرانی تھی جو 6 دہائیوں بعد میاں بیوی کے رشتے میں بدل گئی۔
مصروف زندگی کی ذمہ داریوں سے بھرپور اور جدائی کے کٹھن مراحل سے گزر کر لکھی جانے والی یہ داستان اس بات کو تقویت بخشتی ہے کہ کبھی کبھی تقدیر انسان کو محبت کا دوسرا موقع بھی دیتی ہے۔
دل کو چھو لینے والی اس کہانی میں بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے دو سابقہ اسکول کلاس فیلوز جیا پرکاش اور راشمی نے زندگی کے نشیب و فراز کے بعد اپنی محبت کو ایک بار پھر پا لیا اور ساٹھ کی دہائی میں قدم رکھتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان دونوں کو برسوں پہلے حالات نے جدا کر دیا تھا، مگر وقت نے ایک بار پھر انہیں یکجا کر دیا۔
/odishatv/media/media_files/2026/01/12/school-sweethearts-reunite-marry-in-their-60s-2026-01-12-18-10-42.jpeg)
ہوا کچھ یوں کہ جیا پرکاش اور راشمی کی محبت کا آغاز نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہوئے ہوا تھا، جب دونوں خوابوں اور امیدوں سے بھرپور تھے۔ مگر زندگی کی حقیقتوں نے جلد ہی رخ بدل دیا۔
خاندانی حالات اور دیگر مجبوریوں نے انہیں مختلف راستوں پر ڈال دیا۔ راشمی نے کسی اور سے شادی کی اور کیرالہ میں زندگی گزارنے لگیں جبکہ جیا پرکاش بیرونِ ملک چلے گئے، وہاں کیریئر بنایا اور شادی کرلی۔
دونوں نے اپنی اپنی زندگیوں کی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں، بچے پالے اور بھرپور زندگی گزاری، حتیٰ کہ پہلی محبت رفتہ رفتہ یادوں کا حصہ بن گئی۔
کئی سال بعد قسمت نے ایک بار پھر انہیں قریب لانے کا فیصلہ کیا، راشمی کے شوہر کا انتقال تقریباً دس برس قبل ہوا، جبکہ جیا پرکاش نے اپنی اہلیہ کو پانچ سال پہلے کھو دیا تھا۔
طویل غم اور صبر کے بعد ایک غیر متوقع لمحے نے اس وقت ماضی کی یادیں تازہ کر دیں۔ جب جیا پرکاش نے راشمی کو ایک شارٹ فلم میں دیکھا، جس کے بعد انہوں نے رشتہ داروں کے ذریعے رابطہ قائم کیا۔ سادہ سی ملاقات نے جذبات پھر سے جگا دیے۔
اپنے بچوں کی حمایت کے ساتھ دونوں نے زندگی کا نیا باب شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ سادگی اور وقار سے بھرپور تقریب میں انہوں نے شادی کر لی۔ اور یوں دو محبت کرنے والوں کو قدرت کی طرف سے ایک بار پھر ملنے کا موقع مل گیا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/UxsRMXt
No comments