بورڈ آف پیس میں شامل ممالک نے 5 ارب ڈالر اور ہزاروں فوجی فراہم کرنے کا عہد کیا ہے، ٹرمپ
واشنگٹن (15 فروری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ممالک نے 5 ارب ڈالر اور ہزاروں فوجی فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔
امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس بات کا باضابطہ اعلان کریں گے کہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک نے غزہ میں تعمیر نو اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کیلیے 5 ارب ڈالر سے زائد رقم دینے کا عہد کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ رکن ممالک نے فلسطینی علاقے (غزہ) میں اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ اسٹیبلائزیشن فورس اور مقامی پولیس کیلیے ہزاروں فوجی اہلکار فراہم کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ خامنہ ای سے ملاقات کیلیے تیار
واشنگٹن میں 19 فروری کو ہونے والے بورڈ کے اجلاس سے قبل ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ لیکن انتہائی اہم بات یہ ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو مکمل اور فوری طور پر غیر مسلح ہونے کے اپنے عزم پر قائم رہنا چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ بورڈ آف پیس میں لامحدود صلاحیت موجود ہے۔
واضح رہے کہ غیر مسلح ہونا امریکا کی ثالثی میں ہونے والے اس جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا کلیدی حصہ ہے جو اکتوبر میں اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے درمیان اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر حماس کے حملے سے شروع ہونے والی جنگ کو ختم کرنے کیلیے طے پایا تھا۔
دوسرے مرحلے کے تحت یہ طے پایا ہے کہ اسرائیلی افواج بتدریج غزہ سے نکل جائیں گی اور حماس کو غیر مسلح ہونا پڑے گا جبکہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلیے ایک بین الاقوامی اسٹیبلائزیشن فورس تعینات کی جائے گی۔
تاہم حماس نے بارہا کہا ہے کہ ہتھیار ڈالنا ان کیلیے ایک سرخ لکیر ہے۔ اگرچہ اس نے اشارہ دیا ہے کہ وہ مستقبل کی کسی فلسطینی حکومتی اتھارٹی کے حوالے اپنے ہتھیار کرنے پر غور کر سکتی ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/uP05ei9
No comments