چوری کی انوکھی واردات : کبوتر کی چونچ میں ایک لاکھ روپے کی چین
بھارت میں زیورات کی چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی جسے دیکھ کر سنار برادری خوف اور حیرت میں مبتلا ہوگئی، چور کوئی اور نہیں ایک کبوتر تھا۔
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر دیگانہ کی بلین مارکیٹ اُس وقت حیرت اور خوف کا منظر پیش کرنے لگی جب ایک انوکھے واقعے میں کبوتر زیورات کی دکان سے تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کی سونے کی چین اپنی چونچ میں دبا کر اُڑ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب صرافہ بازار میں ایک زیورات کی دکان پر کاریگر سونے کے زیورات تیار کرنے میں مصروف تھے۔
اچانک ایک کبوتر دکان کے اندر داخل ہوا اور پلک جھپکتے ہی میز پر رکھی سونے کی زنجیر چونچ میں پکڑ کر اُڑان بھرلی۔ یہ منظر دیکھ کر دکان دار کے اوسان خطا ہوگئے اور چند لمحوں کے لیے پورے بازار میں سراسیمگی پھیل گئی۔
کبوتر دکان سے اُڑ کر قریبی بازار کی چھت پر جا بیٹھا جہاں وہ کچھ دیر تک دکھائی دیتا رہا۔ موقع پر موجود افراد نے کبوتر پر نظر رکھی اور زنجیر واپس حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔
کافی جدوجہد کے بعد کبوتر اُڑ گیا اور سونے کی زنجیر نیچے زمین پر گر گئی، جسے تاجروں نے بحفاظت اٹھا لیا۔
زنجیر کی بحفاظت واپسی پر تاجروں نے سکھ کا سانس لیا۔ بلین مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سکیورٹی پہلے ہی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، تاہم یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جب کسی کبوتر کو سونے کی چین اُڑا کر لے جاتے دیکھا گیا۔
یہ انوکھا واقعہ پورے بازار میں موضوعِ گفتگو بن گیا اور ہر کوئی اس غیر معمولی ’’چوری‘‘ پر حیرت کا اظہار کرتا رہا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/DPnzFJx
No comments