امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں شروع ہوگا
جنیوا: امریکا ایران جوہری مذاکرات کا تیسرا دور آج سے جنیوا میں شروع ہوگا ، عباس عراقچی نے معاہدے کیلئے تجویز عمانی وزیرخارجہ کے حوالے کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں شروع ہوگا، جس کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنیوا پہنچ گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ عباس عراقچی نے جوہری معاہدے سے متعلق اپنی تجاویز عمان کے وزیر خارجہ کے حوالے کر دی ہیں، جبکہ انہوں نے پابندیوں اور ایٹمی پروگرام پر ایران کا مؤقف بھی پیش کیا۔
جنیوا میں عمانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں مذاکرات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔
مذاکرات میں امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شریک ہوں گے، جبکہ یہ بات چیت بالواسطہ انداز میں جاری رہے گی۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران طویل عرصے سے امریکا کے لیے ایک سنگین خطرہ رہا ہے اور وہ بیلسٹک میزائل پروگرام پر مذاکرات سے انکار کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتا ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ بھی یہی چاہتے ہیں کہ تنازع بات چیت سے حل ہو۔
واضح رہے کہ یہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب ایران کے جوہری پروگرام اور خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ فریقین کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/QmRfb8D
No comments