Breaking News

1 ہزار جعلی شادیاں کرانے والا گروہ پکڑا گیا، بھیانک منصوبہ بے نقاب

مین ہٹن : امریکی محکمہ انصاف نے دس سال سے جاری مبینہ 1 ہزار جعلی شادیاں کرانے کی امیگریشن فراڈ اسکیم میں ملوث 11 افراد پر فردِ جرم عائد کردی۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے اس منصوبے میں ملوث 11 افراد پر فردِ جرم عائد کی ہے جنہوں نے گزشتہ دس سال کے دوران ایک ہزار جعلی شادیاں کرائیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ان جعلی شادیوں کا مقصد زیادہ تر چینی شہریوں کو امریکہ میں قانونی شہریت حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔

مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں عائد کی گئی فردِ جرم کے مطابق غیرملکی شہری مبینہ طور پر ان 6 سہولت کاروں کو ایک لاکھ ڈالر تک ادا کرتے تھے، جو انہیں امریکی شہریوں کے ساتھ شادی کے لیے ملواتے تھے اس کام کے بدلے بعض امریکی شہریوں کو بھی جعلی شادی پر 30 ہزار ڈالر تک ادا کیے جاتے تھے۔

دستاویزات کے مطابق شادی کے بعد اسکیم میں شامل افراد نئے شادی شدہ جوڑوں کی امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی میں مطلوبہ کاغذی کارروائی مکمل کرنے میں مدد کرتے تھے، جس کے نتیجے میں متعلقہ چینی شہری  امریکا میں قانونی مستقل رہائش حاصل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانشے نے اس کارروائی کو امریکی تاریخ میں شادی کے ذریعے امیگریشن فراڈ کے بڑے مقدمات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ بعض افراد امیگریشن نظام کو دھوکا دینے کے لیے کس حد تک جاسکتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بھی بدھ کو اعلان کیا کہ ویزا رکھنے والے افراد کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ان خواتین کے خلاف کارروائی کرنا ہے جو مبینہ طور پر صرف اپنے بچے کے لیے امریکی شہریت حاصل کرنے کی غرض سے امریکا آتی ہیں۔

مزید پڑھیں : امریکا میں پونے 2 لاکھ ویزے اچانک کیوں منسوخ کیے گئے؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے دور میں اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کیے جاچکے ہیں۔

یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن کریک ڈاؤن پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت ہزاروں افراد کے سفری اور امیگریشن حقوق بھی متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ خارجہ کے مطابق ویزے ان غیرملکی شہریوں کے منسوخ کیے گئے جنہوں نے ویزا شرائط کی خلاف ورزی کی، جرائم میں ملوث رہے، امریکی شہریوں کے خلاف تشدد پر اکسایا، امریکی شہریوں سے فراڈ کیا، امیگریشن نظام کا غلط استعمال کیا یا قومی سلامتی کے لیے خطرہ بنے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/BYxNOJb

No comments