خوفناک کشتی حادثہ، ماں شیر خوار بچی سمیت ہلاک
نیو یارک : دریائے ہڈسن میں مجسمہ آزادی کے قریب کشتی کو خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں 14 افراد ڈوب گئے، ریسکیو اہلکار ماں اور شیر خوار بچی کو نہ بچا سکے۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک ہاربر میں 22 فٹ کی کشتی کا خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں 14 افراد پانی میں جاگرے 12 افراد کو بچا لیا گیا، تاہم حادثے میں ماں اور اس کی 5 ماہ کی شیر خوار بچی جان سے چلی گئیں۔ حادثے کے بعد کشتی کے کپتان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
حادثہ ہفتے کی رات تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر نیویارک ہاربر میں پیش آیا، جہاں مجسمہ آزادی کے قریب ایک 22 فٹ موٹر بوٹ اچانک الٹ گئی۔ حادثے کے وقت کشتی میں سوار 14 افراد دریائے ہڈسن کے تیز پانی میں جاگرے۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے کارروائی کرتے ہوئے 12 افراد کو پانی سے بحفاظت نکال لیا۔ حکام کے مطابق بچائے گئے افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر تھی۔

حادثے کے بعد غوطہ خوروں نے سرچ آپریشن کے دوران ایک شیر خوار بچی اور ایک خاتون کی لاشیں برآمد کیں۔ بعد ازاں دونوں کی شناخت ماں اور بیٹی کے طور پر ہوئی۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی پانچ ماہ کی انٹونیلا گارسیا جبکہ اس کی والدہ 27 سالہ سارا سانچیز تھیں، دونوں کا تعلق نیویارک کے علاقے کوئنز سے تھا۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ کشتی کے کپتان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/eYXhzB4
No comments