Breaking News

ایران نے متحدہ عرب امارات پر میزائل حملے کی تردید کر دی

تہران (19 اگست 2026): ایران نے متحدہ عرب امارات پر میزائل حملے کی تردید کر دی، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ یو اے ای پر میزائل حملوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج بدھ کو علی الصبح یو اے ای کی جانب سے میزائل حملے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’بے بنیاد‘‘ قرار دیا۔

یو اے ای نے کہا تھا کہ منگل کے روز ایران سے متحدہ عرب امارات کی جانب 2 بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، جس کے سبب متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تجارت معطل کر دی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا خطے کے ممالک فالس فلیگ آپریشنز سے خبردار رہیں، بقائی نے کہا کہ یو اے ای کا یہ طرزِ عمل اچھے ہمسائیگی کے اصول سے متصادم ہے اور خطے کے ممالک کے درمیان اعتماد کے فروغ اور عدمِ تحفظ میں اضافے کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں میں خلل ڈالتا ہے۔


میزائل حملہ، یو اے ای نے ایران کے ساتھ تجارت معطل کر دی


انھوں نے علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ ’’بے بنیاد‘‘ الزامات عائد کرنے سے گریز کریں ’’کیوں کہ خطے میں امن و سلامتی کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی مسلسل بدنیتی پر مبنی کارروائیوں کے باعث پہلے ہی پیچیدگیاں موجود ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے منگل کے روز کہا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران سے ملک کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا، اور مزید کہا تھا کہ ان میزائلوں کا ہدف بحری ٹریفک تھا۔ وزارت نے کہا کہ پہلا میزائل یو اے ای کے علاقائی پانیوں سے باہر جا گرا، جب کہ دوسرا میزائل ملک کے علاقائی پانیوں کے اندر گرا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/s3ITdBX

No comments