Breaking News

امریکا میں کئی ہزار نوکریاں ختم، معیشت کو بڑا جھٹکا

واشنگٹن : امریکا میں ماہ جولائی کے دوران ملازمتوں میں غیر متوقع کمی دیکھنے میں آئی ہے کئی ہزار نوکریاں ختم ہونے سے معیشت کو بڑا جھٹکا لگا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی معیشت نے جولائی میں ملازمتوں میں اضافہ کرنے کے بجائے 23 ہزار ملازمتیں کھو دیں، جس نے اقتصادی ماہرین کو بھی حیران کردیا جبکہ ماہرین نے تقریباً 80ہزار نئی ملازمتوں کی پیش گوئی کی تھی۔

امریکی محکمہ محنت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مئی اور جون کے روزگار کے اعداد و شمار کے مطابق دونوں ماہ کے دوران پہلے بتائی گئی ملازمتوں کی تعداد مجموعی طور پر ایک لاکھ 3 ہزار کم کردی گئی۔

اس صورتحال کے باعث مالیاتی مارکیٹوں نے آئندہ ماہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کی توقعات کم کردی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں بے روزگاری کی شرح جون کے 4.2 سے کم ہوکر 4.1 فیصد ہوگئی، تاہم اس کمی کو امریکی لیبر مارکیٹ کی بہتری کی علامت نہیں سمجھا جارہا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ مزید 2 لاکھ 64 ہزار افراد لیبر فورس سے باہر ہوئے، جس کے نتیجے میں افرادی قوت میں شرکت کی شرح تقریباً ساڑھے 5 سال کی کم ترین سطح 61.4 فیصد پر آگئی۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے دوران امریکا میں روزگار کی رفتار عموماً سست ہوجاتی ہے، اس کی ایک وجہ تعلیمی سال کے اختتام کے وقت پیدا ہونے والی موسمی تبدیلیوں کو اعداد و شمار میں درست طور پر ایڈجسٹ کرنے میں مشکلات بھی ہیں۔

جولائی میں ملازمتوں میں کمی بنیادی طور پر مقامی حکومتوں کے تعلیمی شعبے میں ہوئی جبکہ تفریح اور مہمان نوازی کے شعبے میں مسلسل دوسرے ماہ ملازمتیں کم ہوئیں۔

ماہرین نے اس کمی کو فیفا ورلڈ کپ سے ملنے والی عارضی معاشی سرگرمی کے اثرات ختم ہونے سے بھی جوڑا ہے۔ تاہم ماہرین نے شدید معاشی بحران کا خدشہ مسترد کردیا۔

اقتصادی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جولائی کے اعداد و شمار کو امریکی لیبر مارکیٹ میں اچانک شدید گراوٹ کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے۔

امریکی معیشت: ٹرمپ کی مقبولیت کا گراف مزید نیچے گر گیا



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/c6HiCuB

No comments