Breaking News

انسان تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، اقوامِ متحدہ میں ڈائنوسار کا خطاب، ویڈیو وائرل

نیویارک : آپ نے ماضی کے دیو ہیکل جاندار ڈائنا سار کو تو فلموں میں ہی دیکھا ہوگا لیکن اب وہ اقوام متحدہ کی عمارت میں بھی پہنچ گیا جہاں لوگ اسے دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

یہی نہیں کہ یہ خوف کی علامت سمجھا جانے والا جانور یہاں کسی کو ڈرانے آیاتھا بلکہ اس کے آنے کا مقصددنیا کے لوگوں کو یہ باور کرانا تھا کہ آنے والے والے وقت میں انسانوں کو معدومیت سے بچانا بہت ضروری ہے۔

کمپیوٹر گرافکس سے بنے ایک ڈائنوسار کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسٹیج پر موجود ہے اور ڈائس پر شرکاء سے خطاب کررہا ہے۔

اقوام متحدہ میں عالمی سطح پر موسمی اور ماحولیاتی تناظر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، یہ ویڈیو کانفرنس آف پارٹیز‘ (سی او پی)26 کے موقع پر جاری کی گئی ہے، جسے خود عالمی ادارے نے سراہا اور ٹویٹ کیا ہے۔

فرینکی نامی ڈائنوسار کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کہہ رہا ہے کہ  ہم تو فنا ہوگئے، آپ خود کو بچائیے، معدومیت کو منتخب نہ کیجیے ۔

ویڈیو میں فرینکی نیویارک میں قائم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اندرداخل ہوتا ہے، سیکیورٹی گارڈ سے مضحکہ خیز مکالمے کے بعد فرینکی ڈائس پر جاتا ہے اور اپنی مختصر تقریر کرتا ہے جسے وہ انسانیت کےلیے ایک سبق قرار دیتا ہے۔

ڈائنوسارفرینکی کہتا ہے کہ میں ناپیدگی (ایکسٹنکشن) کے متعلق ایک دو باتیں جانتا ہوں میں کہنا چاہوں گا کہ ناپید ہونا ایک خوفناک عمل ہے ہم تو آسمانی پتھر یعنی شہابی ٹکر سے فنا ہوئے لیکن اب آپ انسانوں کے پاس کیا عذرہے؟

اس کا کہنا تھا کہ آپ موسمیاتی تباہی کے دھانے پر کھڑے ہیں اور طرفہ تماشہ یہ ہے کہ عالمی حکومتیں ہر سال رکازی ایندھن پر کروڑوں اربوں ڈالر کی سبسڈی دے رہی ہیں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ کوئی زمین سے ٹکرانےکے لیے آسمانی پتھر کو خود دعوت دےـ

ڈائنوسار نے اقوامِ متحدہ میں اپنے خطاب میں کوویڈی19 عالمی وبا کا بھی ذکر کیا اور دنیا سے کہا کہ وہ اس سیارے کو بچانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے۔

واضح رہے کہ سی اوپی کانفرنس میں دنیا کے سربراہان اور دیگر ماہرین بدلتی ہوئی آب وہوا سے انسانیت کو لاحق ہونے والے خطرات اور ان کے حل پر غور کرے گی جس کے بعد عالمی بیانیہ جاری کیا جائے گا۔

The post انسان تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، اقوامِ متحدہ میں ڈائنوسار کا خطاب، ویڈیو وائرل appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3BJtMPi

No comments