پی سی بی کا سندھ میں اسکول کرکٹ لیگ کے انعقاد کا فیصلہ
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال فروری میں سندھ میں اسکول لیگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے صوبے میں اسکول کی سطح پر کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا جائے گا، اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ کی زیرصدارت فروغِ کرکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس بھی ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن عمران حسین، پی سی بی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی جنید ضیاء، سیکریٹری اسپوٹ ڈپارٹمنٹ سندھ، سیکریٹری کالج ایجوکیشن سمیت دیگر نےشرکت کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکول لیگ کے دوران صوبے کے 30 اضلاع میں 239 میچ کھیلے جائیں گے اور 240 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گے جن کے تین ہزار 850 کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سندھ سے کرکٹ میں جس طرح کا ٹیلنٹ ابھر کر آیا، اُس کے بعد ضلع کی سطح پر جانے اور نوجوان کھلاڑی تلاش کرنے کے لیے اقدامات ضروری ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی، اسکول لیگ میں 27 ملین روپے کے اخراجات سندھ حکومت فراہم کرے گی۔
اجلاس میں پی سی بی کے تعاون سے صوبے کے کرکٹ گراؤنڈ بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 91 ملین کی لاگت سے کراچی، حیدرآباد، بدین، جامشورو، خیرپور، لاڑکانہ، میرپور خاص، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، شکارپور اور سکھر کے 17 گراؤنڈ بحال کیے جائیں گے۔
ان تمام گراؤنڈز میں پچ رولر، نیٹ، ہائے برڈ پچ، ڈریسنگ روم اور الیکٹرک اسکور بورڈ نصب کیے جائیں گے جبکہ پی سی بی حیدرآباد اور سکھر میں ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ سینٹر بھی قائم کرے گی۔
The post پی سی بی کا سندھ میں اسکول کرکٹ لیگ کے انعقاد کا فیصلہ appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3sw5W8Y
No comments