‘پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھ دی گئی’
اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ماضی میں ثمرات اوپر سے نیچے تک لانے کی بات کی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوا، مگر آج پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان خوشحال پاکستان کا راستہ ہے ، عزت نفس کے ساتھ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا روزگار اپنا گھر اور کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور اب تک تین سو شہروں میں تقریباً چا ر سو کروڑ روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں، پہلے مرحلے میں چالیس لاکھ گھرانوں کو ملکی ترقی کی خوشحالی کے دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کہ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے، 74 سال عوام کو صرف خواب دکھائے گئے، عوام کو گھر،روٹی اورکپڑا دینےکےخواب دکھائےجاتے رہے، اب عمران خان آئے ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ معیشت کو عوام کے لیے ترقی دیں گے، کچھ ایسا کریں کہ جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکل نہ ہو۔
شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے عوام عزت کے ساتھ اپنی روزی خود کمانا چاہتے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان وہ شخص ہیں جو ریاستِ مدینہ پر یقین رکھتے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ غریب کی حالت بہتر کرنے کے لیے انتظار نہیں کرنا، ایسا کام کرو کہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑیں۔
The post ‘پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی بنیاد رکھ دی گئی’ appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3JtJenW
No comments