سعودی عرب : شہزادہ محمد بن سلمان کا اہم اعلان
ریاض : سعودی عرب کو دنیا کی جدید اور ترقی یافتہ مملکت بنانے کیلئے جدہ کو منفرد قسم کا تجارتی، رہائشی اور سیاحتی مرکز بنانے کے کام کا اغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں ولی عہد نے اہم اقدامات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ ڈاؤن ٹاؤن پروجیکٹ کا ماسٹر پلان جاری کردیا ہے جس کا مقصد شہر کے قلب میں انٹرنیشنل فرنٹ تیار کرنا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پروجیکٹ کی تخمینی لاگت 75 ارب ریال ہوگی۔57 لاکھ مربع میٹر کے علاقے کو پبلک انوسٹمنٹ فنڈ اور سعودی نیز غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فنڈنگ سے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
ولی عہد نے ڈاؤن ٹاؤن جدہ پروجیکٹ کے ماسٹر پلان کا اعلان مملکت کے تمام علاقوں اور شہروں کو ترقی دینے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کی غرض سے کیا ہے۔
ڈاؤن ٹاؤن جدہ منصوبے سے مملکت کی معیشت کو2030 تک سالانہ47 ارب ریال کی آمدنی ہوگی۔
جدہ پروجیکٹ4 بڑے عالمی قابل دید مقامات پر مشتمل ہوگا۔ اوپیرا ہاؤس ، میوزیم ، اسپورٹس اسٹیڈیم اور اوشن بیسن اینڈ کورل فارمز تیار کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں 10 تفریحی مراکز اور سیاحتی سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔
ڈاؤن ٹاؤن جدہ پروجیکٹ کے منصوبوں پر عمل درآمد کی بدولت شہر میں جدید طرز کے رہائشی علاقے تیار ہوں گے۔ 17 ہزار مکانات اور مختلف درجے کے ہوٹلز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ ہوٹلوں میں کمروں کی تعداد27 سے زیادہ ہوگی۔
ڈاؤن ٹاؤن جدہ پروجیکٹ کے تحت عالمی خصوصیات کی حامل بندرگاہ اور پرکشش سیاحتی تفریحی مقامات بھی بنائے جائیں گے۔
ہوٹلوں، ریستورانوں، ملکی وبین الاقوامی قہوہ خانوں کی ایک چین بھی تعمیر کی جائے گی، مارکیٹنگ کی مختلف سہولتیں مہیا ہوں گی۔ ماسٹر پلان کی تیاری میں500 سے زیادہ انجینیئرز اور کنسلٹنٹ شریک ہوئے۔
نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن کیا ہے؟
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے جدہ کورنیش کے سینٹر میں “واٹر فرنٹ” جدید خطوط پر استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن بنانا ہے جس سے یہ پورا علاقہ منفرد قسم کا تجارتی، رہائشی اور سیاحتی مرکز بن جائے گا۔
نیو جدہ ڈاﺅن ٹاﺅن جدہ شہر کو منفرد اور پرکشش ماحول بخشے گا۔ اسے دنیا کے سو بہترین شہروں کی فہرست میں شامل کرایا جائے گا۔ یہاں لاکھوں سیاح ، مقامی باشندے، زائرین اور تارکین وطن مارکیٹنگ، سیر و تفریح اور دماغ کو تروتازہ کرنے کے لیے پہنچا کریں گے۔
The post سعودی عرب : شہزادہ محمد بن سلمان کا اہم اعلان appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/33JVjVP
No comments