روس نے یوکرین کے 2 علاقوں کی آزادی تسلیم کرلی
ماسکو: روس نے یوکرین کے 2 علاقوں کی آزادی تسلیم کرلی، مذکورہ علاقے یوکرینی علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول ہیں، روسی صدر نے فوج کو دونوں علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کا حکم بھی دے دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا خطاب سرکاری ٹی وی پر نشر ہوا، روسی صدر نے یوکرینی علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول 2 علاقوں ڈونیٹسک اور لوہانسک کی آزادی تسلیم کرلی۔
پیوٹن اور یوکرینی علیحدگی پسند رہنماؤں میں باہمی امداد کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔ پیوٹن نے روسی فوج کو دونوں علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا۔
پیوٹن کا کہنا ہے کہ انہوں نے روسی پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد اس کی توثیق کرے۔
دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کا اقدام منسک معاہدوں کی مکمل خلاف ورزی ہے، روس نے یوکرین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ کیا ہے۔
ترجمان امریکی دفتر خارجہ کے مطابق ہم روسی اقدام کا مناسب اور مضبوط جواب دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے روسی اقدام پر سخت معاشی پابندیاں متوقع ہیں ، جبکہ فرانسیسی صدر نے بھی اقوام متحدہ سے معاملے پر فوری اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Raqyf2O
No comments