Breaking News

روس یوکرین پر کب حملہ کر سکتا ہے؟ امریکا نے ایک خاص وقت کا ذکر کر دیا

واشنگٹن: جب دنیا کی نظریں بیجنگ اولمپکس پر ہوگی، تب کیا روس یوکرین پر حملہ کر دے گا؟ امریکا نے نیا دعویٰ کر دیا ہے کہ روس یوکرین پر بیجنگ اولمپکس کے دوران حملہ کر سکتا ہے۔

روئٹرز کے مطابق جمعے کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے پریس کانفرنس میں کہا یوکرین پر روسی حملہ بیجنگ میں جاری موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا روس نے یوکرین کی سرحد پر مزید فوجی بھیج دیے ہیں اور وہ کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے، ہمیں روسی پیش قدمی سے مسلسل تکلیف دہ مناظر نظر آ رہے ہیں، جن میں یوکرین کے بارڈر پر مزید فوجیوں کی منتقلی بھی شامل ہے۔

اینٹنی بلنکن نے کہا ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں، ہمیں روس کا حملہ واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے، محکمہ خارجہ نے یوکرین میں موجودہ امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔

دوسری جانب روس نے مغربی ممالک کے خدشات سے انکار کیا ہے کہ وہ سوویت یونین کے سابقہ حصے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ بیجنگ کی میزبانی میں ہونے والے اولمپکس 20 فروری تک جاری رہیں گے، گزشتہ ہفتے موسم سرما کے اولپمکس کے افتتاح کے موقع پر چین اور روس نے مل کر اعلان کیا تھا کہ ان کی ’دوستی کی کوئی حدود نہیں‘ جب کہ یوکرین اور تائیوان کے معاملے پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور مغرب کے خلاف متحدہ ہونے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/qT8ZbB0

No comments