Breaking News

دریائے نیل نے اچانک رنگ بدل لیا، لوگ خوفزدہ

مصر میں بہنے والے دریائے نیل کے پانی کا رنگ اچانک تبدیل ہوگیا جس سے وہاں کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

مصر کے شہری منگل کے روز اٹھے تو دریائے نیل کے پانی کا رنگ اچانک بدل چکا تھا اور بہنے والے پانی کا رنگ زردی مائل تھا۔ دریا کے پانی کی بدلی رنگت نے وہاں کے رہائشیوں کو خوف میں مبتلا کردیا اور مختلف قسم کی افواہوں نے جنم لے لیا۔

غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق شہریوں کے خوف میں مبتلا ہونے کے بعد اس حوالے سے مصری وزیر پانی وآبپاشی محمد عبدالعاطی نے شہری اس بارے میں خوف کا شکار نہ ہوں۔

وزیر آبپاشی نے دریا کے پانی کی رنگت کی تبدیلی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے نیل کے پانی کی رنگت میں تبدیلی کی وجہ سیلاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گزشتہ کئی روز سے موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں کو دریا میں چھوڑا گیا ہے اور سیلابی پانی میں بڑی مقدار میں مٹی اور ریت شامل ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے دریا کا پانی مٹیالا ہوگیا ہے۔

وزیرآبپاشی نے واضح کیا کہ دریا کی رنگت میں تبدیلی سے پانی کا معیار متاثر نہیں ہوتا، دریائے نیل کا پانی آج بھی معیاری اور پینے وآبپاشی کے لیے موزوں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلابی ریلوں کا زور ٹوٹتے ہی آئندہ دو تین دنوں میں دریائے نیل کا پانی اپنی اصل رنگت میں واپس آجائے گا۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/R2MBPLf

No comments