Breaking News

یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلیے پرواز کی روانگی مؤخر

کراچی: یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے اتوار کو پرواز کی روانگی عارضی طور پر موخر کردی گئی۔

منسٹری آف فارن افیئرز کی جانب سے کل کی پرواز کو وجوہ کی بناء پر روکنے کا کہہ دیا گیا۔ جہاز کے ذریعے وطن واپس آنے والے مسافروں کا لوڈ صرف 95 کے لگ بھگ ہے۔

نئی پیشرفت کے تحت اگلے 36 سے 48 گھنٹوں میں  پاکستان سے پرواز کی روانگی متوقع ہے۔ یوکرین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پرواز کراچی، اسلام آباد یا لاہور سمیت کسی بھی ہوائی اڈے سے آپریٹ کی جاسکتی ہے۔

پی آئی اے نے اتوار کے روز 2 پروازیں پاکستان سے پولینڈ روانہ کرنے کی تیاری کی تھیی۔ پروازوں کو ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارلحکومت وارسا میں لینڈ کرنا تھا۔

خیال رہے کہ یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبا کی واپسی کے لیے آپریشن تیار کرلیا گیا ہے۔سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی محفوظ مقام پر منتقلی اور وطن واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق تمام پاکستانی طالب علم یوکرین کے شہر ٹرنوہل میں یکجا ہوں گے، ٹرنوہول میں سفارتخانہ زمینی راستے سے پولینڈ تمام طلبا کو منتقل کرے گا۔

اس کے بعد پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پولینڈ سے طلبہ کو وطن واپس پہنچائے گا۔ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کا کہنا ہے کہ طلبہ کے پولینڈ پہنچتے ہی پرواز روانہ کردی جائے گی، ہم وطنوں کو واپس پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/BaX174Z

No comments