Breaking News

جماعت اسلامی پھر سندھ حکومت کے خلاف میدان میں آگئی

کراچی: شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر جماعت اسلامی میدان میں آگئی اور سندھ حکومت کو للکار دیا۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کا اعلان کردیا ہے اور پہلے مرحلے میں آج شہر کے 50 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کرنے کا پلان ترتیب دے دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کراچی میں آج 50مقامات پراحتجاجی مظاہرے کئےجائیں گے، مرکزی مظاہرہ دو تلوارکلفٹن پر ہوگا جبکہ کل بھی بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرےکئےجائیں گے۔

کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز پر حافظ نعیم نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، سندھ حکومت کےوزرا کا زیادہ وقت اسلام آباد، لاہور میں گزر رہا ہے جبکہ پولیس لوگوں کے پروٹوکول میں لگی ہوئی ہے، ڈی جی رینجرز شہریوں کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ اپنی اور اپنی فیملی کے پروٹوکول کے لیے آدھی سے زیادہ پولیس کو استعمال کرتا ہے، وہ بتائے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کون کرے گا؟ قتل، ڈکیتی، چھینا جھپٹی، اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں سمیت کوئی بھی جرم پولیس کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتا،جرائم کی وارداتوں میں تھانے ملوث ہوتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والوں اور کرپشن کے اس پورے عمل کی تحقیقات کی جائے اور سوموٹو ایکشن لیا جائے، کراچی کے ساڑھے تین کروڑ شہریوں نے 35سال آگ اور خون کے دور کو برداشت کیا، بڑی مشکل سے شہر یوں کو امن ملا تھا ،سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4YDENad

No comments