عدم اعتماد: ”حکومت کے 179 ووٹ ہیں، 186 کی حمایت مل جائے گی“
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس 179 قومی اسمبلی میں ووٹ ہیں جب کہ کُل 186 کی حمایت مل جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ” الیونتھ آور“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ خواتین ایم این ایز پارلیمنٹ لاجز چھوڑنے پر مجبور ہوگئی تھیں، خواتین ایم این ایز کو لاجز میں ڈرایا دھمکایا گیا، نجی جتھے اور فورس بنانا غیر قانونی عمل ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کے گھر کے سامنے 200 بندے کھڑے کرنا ہراساں کرنے کے مترادف ہے، مولانا فضل الرحمان نوٹنکی کر رہے تھے، ان کو گرفتاری دینی تھی تو تھانے میں دیتے، ان کے ایم این اے پولیس کے ساتھ مزاحمت کر رہے تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ فضل الرحمان نے پورے پلان کے ساتھ یہ سب کچھ کیا، ایم این ایز کو خود سے تھانے میں بیٹھنےکا شوق ہے تو بیٹھے رہیں، انصار الاسلام کے گرفتار لوگ 3،4 سال بعد واپس آئیں گے، ابھی ہمارا فوکس تحریک عدم اعتماد ہے اس کے بعد پنجاب کو دیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے پنجاب میں تبدیلی ممکن نہیں ہے، اسمبلی اجلاس سے متعلق کل یا پر سو فیصلہ ہو جائے گا، ننھے منے جلوسوں والوں کو بتائیں گے کہ بڑے جلسے کیا ہوتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ قانون کی حد میں دھرنے دینے ہیں تو دیتے رہیں، دھرنے والے قانون سے باہر نکلیں گے تو کارروائی ہوگی، حکومت کے 179 ووٹ ہیں، 186 کی حمایت مل جائے گی۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4R3rWYE
No comments