Breaking News

مولانا فضل الرحمان کا ملک بھر سے احتجاج ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد : پارلیمنٹ لاجز سے اراکین اور کارکنان کی گرفتاری کیخلاف ہونے والے احتجاج کے بعد مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر سے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ پورا ملک اس وقت جام ہے، عوام اور کارکنان سڑکوں پر ہیں، ہماری آواز پر کارکنان نے چند لمحوں میں لبیک کہا، مولانا فضل الرحمان نے صبح تک ملک میں احتجاج روکنے کی ہدایت کردی۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےعوام وکارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز میں پولیس نے قوانین روندتے ہوئے دھاوا بولا۔

انہوں نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ پر بلاجواز تشدد کیا گیا، قوم کے منتخب نمائندوں کوگھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ان کے مہمانوں کو زدوکوب اور گرفتار کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ واقعےکا جھوٹا بیانیہ اپنا کر سیاہ کردار کی پردہ پوشی کی کوشش کی گئی کارکنوں نے ہماری آواز پر لبیک کہتے ہوئے فوری ردعمل دیا۔

میری ایک اپیل پر پورے ملک کو ایک گھنٹے سے کم وقت میں جام کردیا گیا، کارکنوں اورعوام کو اس فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صبح ہونے سے پہلے ہی تمام ممبران اسمبلی اور کارکن رہا ہوچکے ہیں، رہائی نہ ملنے کی صورت میں دوبارہ سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیاتھا۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب دوبارہ سڑکوں پرآنے کی ضرورت باقی نہیں رہی، جمعة المبارک کے اجتماعات میں شکرانہ کے نوافل اداکریں، نااہل حکمرانوں سے اللہ قوم کو نجات عطا کرے گا۔

جمیعت علماء پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صبح تک ممبران، رضاکاروں کو ر ہا نہ کیا گیا تو پھرمیدان میں ہوں گے، فضل الرحمان نے ممبران، کارکنان کی رہائی کیلئے صبح9بجےتک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کیا گیا تودما دم مست قلندر ہوگا، کارکنان پر دہشت گردی کا الزم لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز کو زخمی کیا گیا، گھسیٹ کر لے جایا گیا، ساری صورتحال ریاستی پولیس کی دہشت گردی کےسوا کچھ نہیں، ہم اپنا دباؤ جاری رکھنا چاہیں گے۔

انہوں نے وضاخت کی کہ70افراد کے پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہونے کی بات غلط ہے، 10سے 12افراد کو اندر جانے کی اجازت ملی تھی اور وہ ہی گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات جمعیت علما اسلام (جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر کراچی سمیت ملک بھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے احتجاجاً اہم سڑکیں بلاک کردی تھیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

کراچی کی تین داخلی اہم شاہراہوں پر جے یو آئی کارکنان نے احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، سپر ہائی وے الآصف اسکوائر، حب ریور روڈ، نیشنل ہائی وے، اسٹیل ٹاؤن پر احتجاج کیا گیا جس کے باعث مسافر بسوں، ہیوی ٹریفک اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ZiSCG3J

No comments