ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پی پی رکن اسمبلی وطن واپس آگئے
کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام کریم وطن واپس پہنچ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی جام کریم نے وطن پہنچ کر سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کروالی۔
ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی جام کریم کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قتل کیس میں نامزد جام کریم عدم اعتماد میں ووٹ ڈالیں گے، واضح رہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقدمہ درج ہونے پر جام کریم دبئی چلے گئے تھے۔
جام کریم کی ضمانت پر حکومتی رہنماؤں کا ردعمل
رکن اسمبلی جام کریم کی ضمانت پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ کوئی شرم ہوتی کوئی حیا ہوتی ہے۔
معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں نے قانون کو مذاق بنادیا ہے، جام کریم کا نام ای سی ایل میں ڈلوائیں گے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ان کا نام ای سی ایل میں اس لیے ڈلوائیں گے تاکہ وہ دوبارہ فرار نہ ہوسکیں۔
ناظم جوکھیو کا قتل
کراچی کے علاقے ملیر میں گزشتہ سال 3 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی کے فارم ہاؤس سے ایک شخص کی لاش ملی تھی، جسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔
میمن گوٹھ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خالد عباسی نے بتایا تھا کہ ناظم سجاول جوکھیو کی تشدد زدہ لاش جام ہاؤس نامی فارم ہاؤس سے بدھ کی دوپہر ڈھائی بجے ملی جو ملیر کے جام گوٹھ میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جام اویس کا فارم ہاؤس ہے۔
مقتول کے بھائی اور کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے سابق کونسلر افضل جوکھیو نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جام اویس اور رکن قومی اسمبلی جام کریم پر اپنے بھائی کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Cr06HUf
No comments