Breaking News

ہیما مالنی کا مودی سے متعلق بڑا دعویٰ

بھارت کی معروف اداکارہ اور سیاستدان ہیما مالنی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کروا سکتے ہیں۔

ایک جانب بھارت خود اندرونی خلفشار کا شکار ہے، مودی دور میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ اقدامات کیے جارہے ہیں، کشمیر میں تقریباْ تین سال سے لاک ڈاؤن جاری ہے، مودی حکومت کے اقدامات کے باعث کئی بار خطے کی دو ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر آچکی ہیں۔

اس تمام صورتحال میں جب کہ مودی خود عالمی امن کیلیے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ہیں، ایسے میں بھارتی اداکارہ اور سیاستدان نے ہیما مالنی نے یہ خوش فہم دعویٰ کیا ہے کہ صرف مودی ہی روس یوکرین جنگ ختم کروا کر عالمی امن کو لاحق خطرات ختم کرسکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہیما مالنی نے کہا کہ روس یوکرین جنگ میں ہر کوئی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مداخلت چاہتا ہے کیونکہ ان کے کام سے دنیا حیران ہے اور وہ ہیں جو روس یوکرین کی جنگ کو ختم کراسکتے ہیں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مودی نے اپنا نام روشن کیا ہے، دنیا ان کی عزت کرتی ہے اور اب یوکرین روس کی جنگ میں بھی سب یہ چاہتے ہیں کہ مودی مدد کریں تاکہ جنگ رُک سکے۔

واضح رہے کہ ہیما مالنی بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی رکن ہونے کے ساتھ لوک سبھا (قومی اسمبلی) کی رکن بھی ہیں۔

گزشتہ ماہ حجاب پر پابندی کے حوالے سے بھارت میں جاری مہم میں جہاں اداکاروں سمیت مختلف طبقہ فکر کے افراد نے حجاب پر پابندی کیخلاف آواز بلند کی تھی، وہیں ہیما مالنی نے حجاب پر پابندی کی حمایت کا بیان دیا تھا۔

مزید پڑھیں: مسلمان طالبات کے حجاب پر پابندی: ہیمامالینی کی مسلم دشمنی عیاں

اداکارہ نے حجاب کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘اسکول صرف تعلیم کیلئے ہے، مذہبی معاملات یہاں حل نہیں ہوتے’،‘ہر اسکول کا ایک یونیفارم ہوتا ہے جس کی عزت کی جانی چاہیے، آپ کو جو کچھ (حجاب) بھی پہننا ہے اسکول سے باہر پہنیں’۔

بولی ووڈ اداکار کے متنازع بیان پر سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان بپا ہوگیا تھا، کچھ نے متعصب اداکارہ کے بیان کی تائید کی تھی جب کہ متعدد نے ہیمامالینی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/eBGXK3c

No comments