جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا
کراچی: شہر قائد میں دن بدن بڑھتی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے خلاف جماعت اسلامی نے شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کے تحت شہر کے 50 تھانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ کراچی میں بڑھتی لوٹ مار کے خلاف مرکزی مظاہرہ نیو ٹاؤن تھانے پر ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان مرکزی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمان اپنے خطاب میں آئندہ کے لائحہ کا اعلان بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ ہر روز کئی شہری ڈاکوؤں کا نشانہ بن کر قیمتی اشیا سے محروم ہو جاتے ہیں۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے کئی شہریوں کو گولیاں بھی ماریں۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں سال 2022 کے پہلے مہینے جنوری میں ڈکیتی مزاحمت پر 10 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ 31 روز کے دوران کئی شہری کروڑوں کی نقدی، سونا اور دیگر سامان سے محروم ہوئے تھے۔
جنوری میں 1972 شہریوں کے موبائل فونز ملزمان نے چھینے، 3115 موٹر سائیکلیں چوری ہوئی اور 336 چھینی گئیں جب کہ 141 گاڑیاں چوری اور 11 گاڑیاں چھینیں۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Nl7YRpb
No comments