Breaking News

اندرونی معاملات میں مداخلت، پاکستان کا امریکا سے شدید احتجاج

اسلام آباد: اندرونی معاملات میں مداخلت پر پاکستان نے امریکا سے شدید احتجاج کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قائمقام امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق امریکی سینئر عہدیدار کے الفاظ اور اندرونی معاملات میں مداخلت پر احتجاج کیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قائمقام امریکی ناظم الامور کی طلبی قومی سلامتی کمیٹی کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کو دھمکی آمیز خط بھیجنے والے ملک کو بھرپور جوابی ردعمل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: دھمکی دینے والے ملک کو بھرپور جوابی ردعمل دینے کا فیصلہ

اعلامیے کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے شرکا کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ غیر ملکی سینئر آفیشنل نے ملاقات میں پاکستانی سفیر کو پیغام دیا، پاکستانی سفیر نے پیغام وزارت خارجہ کو ارسال کیا، غیر ملکی مراسلہ پاکستان میں کھلی مداخلت ہے، غیر ملکی اعلامیہ کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس ملک کے سفیر اور اس ملک کو بھرپور جوابی پیغام بھیجے گا، کمیٹی نے وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی کے فیصلےکی توثیق کی کہ معاملے کو پارلیمنٹ کی سکیورٹی کمیٹی کے ان کیمرا سیشن میں لانا چاہیے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے ”امر بالمعروف“ سے خطاب کے دوران ایک خط لہرایا تھا۔

وزیر اعظم نے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان میں بیرونی مداخلت کی مدد سے حکومتیں تبدیل کی جاتی ہیں، ہمیں بھی ایک ملک نے دھمکی آمیز خط بھیجا ہے۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/OdD5buB

No comments