بھارت میں بھی اپوزیشن سڑکوں پر آگئی
مودی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد اپوزیشن جماعت کانگریس بھی سڑکوں پر آگئی۔
مودی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بھارت میں بھی مہنگائی کی سطح کو انتہائی بلند کردیا ہے جس کے بعد عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔
بڑھتی مہنگائی پر حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعت کانگریس نے تین مرحلوں پر مشتمل ’’مہنگائی سے پاک ہندوستان‘‘ مہم شروع کی ہے جس کے پہلے مرحلے میں کارکنوں اور عوام نے اپنے گھروں کے باہر اور عوامی مقامات پر گیس سلنڈروں کو ہار پہنا کر اور ڈرم گھنٹی اور دیگر آلات بجاکر احتجاج کیا تھا۔
اعلان کردہ دوسرے مرحلے میں ملک بھر ضلع سطح پر 2 اپریل سے 4 اپریل تک مہنگائی سے پاک ہندوستان دھرنا اور مارچ جاری ہیں جب کہ تیسرے مرحلے میں 7 اپریل کو ریاستوں کے ہیڈکوارٹر پر ریاستی سطح پر مہنگائی سے پاک ہندوستان دھرنا اور مارچ کا انعقاد کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے گزشتہ روز ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا تھا اور گزشتہ پانچ دنوں میں یہ چوتھا اضافہ تھا جس کے بعد تقریباْ ایک ہفتے کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 6.40 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مئی 2014 میں جب بی جے پی نے اقتدار سنبھالا تو پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی بالترتیب 9.20 روپے اور 3.46 روپے فی لیٹر تھی۔ پچھلے آٹھ سالوں میں بی جے پی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی پٹرول پر 18.70 روپے فی لیٹر بڑھا دی ہے۔ ڈیزل پر 18.34 روپے فی لیٹر یعنی ڈیزل اور پٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 531 فیصد اور 203 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ اسی مدت کے دوران مودی حکومت نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 539.50 روپے تک بڑھائی ہے۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/6JNYrMd
No comments