Breaking News

پی ٹی آئی نے ‘ ملتان جلسے’ کا اعلان کردیا

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان دس مئی کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود ملتان پہنچے جہاں کارکنان نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا، شاہ محمود قریشی نے بابر چوک پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے منتخب نمائندوں نے ضمیر فروشی نہیں کی، وہ عمران خان کے ساتھ ڈٹے رہے، اخترملک،میاں طارق عبداللہ،حاجی سلیم یہ وہ سپوت ہیں جنہوں نے عوام کےووٹ کااحترام کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان دس مئی کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے اور کارکنان کا لہو گرمائیں گے، ملتان والوں تیار ہوجاؤ، ہمارا کپتان ملتان آرہا ہے۔

مک مکاہوا،مجھےاندر کی کہانی معلوم ہے

بابر چوک پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب بھی کوئی نئی حکومت آتی ہےتو اس کا استقبال ہوتاہے، تاریخ میں پہلی بارہےجو پارٹی رخصت ہوئی عوام اس کا پرتپاک استقبال کررہی ہے، یہ پریشان ہیں،جوڑ توڑ کرتےرہے، دس روز تک کابینہ نہیں بناسکے، مک مکاہوا، کابینہ بنی، مجھےاندر کی کہانی معلوم ہے۔پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے حکومت کو خبردار کیا کہ جتنی مرضی تاخیر کرلیں، جو مرضی جبر دکھالیں، عوام انہیں مسترد کرچکی، پاکستان کےعوام اس امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکی ہے،میں آج پوچھتا ہوں کہ آپ کو امپورٹڈ حکومت منظورہےیا نامنظورہے؟

بےنظیر کا بیٹا نواز شریف سے10نشستوں کی خیرات مانگ رہاہے

حکومت کی اتحادی جماعتوں کر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ والے کہتے تھے کہ پیٹ چاک کرکےقوم کی لوٹی ہوئی دولت حاصل کرینگے، یہ ایک دوسرے کو کوستے رہےپھر ایک رات ایک دوسرے کےساتھ بیٹھ گئے۔

آج صورت حال یہ ہے کہ لوٹی ہوئی دولت حاصل کرتےکرتے اپنی صفوں میں شامل کرلیا اور بھٹوکانواسا، بےنظیر کابیٹا، نواز شریف سےدس نشستوں کی خیرات مانگ رہاہے۔

عمران خان کونااہل کرنےکی ایک اور سازش کی جارہی ہے

ملتان کے بابر چوک پر کارکنان سے خطاب میں شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کو ختم کرنے کیلئے سازش کی گئی، اس ٹولے کو قوم پر مسلط کرنےکی سازش کی گئی، اسی طرح عمران خان کو نااہل کرنےکی ایک اور سازش گھڑی جارہی ہے، سازش ہے کہ عمران خان کو نااہل قراردے کرپابندی لگادی جائے۔

اگلی باری پھر نیازی

اپنے خطاب میں سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری آج مشکوک ہوگئی، الیکشن کمیشن صرف پی ٹی آئی کےخلاف مقدمہ سن رہا ہے، یہ عجلت میں ہے، پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی نے فیصلہ کیاہےالیکشن کمیشن کےدفاتر کےباہراحتجاج ہوگا۔

ملتان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کے غیور عوام نےدفاتر کےسامنے پرامن احتجاج ریکارڈکرواناہے، الیکشن جب بھی ہوں،عوام فیصلہ کرچکی ہے،اگلی باری پھرنیازی۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/YZvh1Lj

No comments